مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی سرحدی گزرگاہوں کی کمیٹی کے سربراہ عمر الوائلی نے اعلان کیا ہے کہ بغداد آج بروز منگل صبح ضروری تکنیکی اقدامات مکمل ہونے کے بعد الشیب (چذابہ) سرحدی گزرگاہ دوبارہ کھول دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے گزرگاہ کھولنے کا مقصد مسافروں کی آمدورفت، سامان کی ترسیل اور تجارتی تبادلوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق مذکورہ کمیٹی جمعے سے مندلی (سومار) سرحدی گزرگاہ کو ضروری تکنیکی اقدامات مکمل کرنے کے لیے عارضی طور پر بند کرے گی۔
اس سے قبل گزشتہ روز بدر پارلیمانی دھڑے نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بند کرنے سے متعلق امریکی احکامات اور دباؤ کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
بدر دھڑے نے کہا کہ عراقی وزیر خارجہ کا امریکی مطالبات اور دباؤ سے متعلق بیان جنوبی علاقوں کے خلاف پہلے سے تیار کردہ منصوبوں کو بے نقاب کرتا ہے اور یہ عراق کی خودمختاری میں مداخلت کے مترادف ہے۔
دھڑے نے مزید کہا کہ عراقی عوام اور قومی قوتیں ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی یا قومی مفادات کے خلاف بیرونی احکامات کے سامنے جھکنے پر خاموش نہیں رہیں گی۔ ہم محاصرے کی پالیسی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ایران اور عراق کے تعلقات گہرے تاریخی روابط پر استوار ہیں، جن کی بنیاد آزادی کی جدوجہد اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ہیں۔
آپ کا تبصرہ